🌹اردو شاعری 🌹, [19.01.19 07:59]
گر گلستاں میں کوئی سینہ فگار آ جائے
عندلیبوں کی نواؤں میں نکھار آ جائے
اس قدر سخت ہیں ظالم کہ ہلاکو روئے
ظاہراً اتنے ہیں معصوم کہ پیار آ جائے
چند انساں ہیں یہاں حرفِ غلط کی صورت
یہ جو مٹ جائیں تو دنیا میں بہار آجائے
زیست کی راہ میں آدابِ شریعت سے نہ ہٹ
خواہ قسمت میں تری منزلِ دار آ جائے
پھر تو بچ جانے کی ہرگز کوئی امید نہیں
قیس کے ہاتھ میں گر جیب کا تار آ جائے
اے صبا ! تو بھی ذرا رک کے گل افشانی کر
راستے میں جو محبت کا مزار آ جائے
دیکھ کر میری گلی موجِ صبا ہے رقصاں
جیسے عاشق کے لیے کوچۂ یار آ جائے
اب تو وہ لوگ بھی منصب پہ بنےپھرتےہیں
ان کو شہباز جو دیکھے تو بخار آ جائے
آج پھر کھوئے ہوئے نور کو آنکھوں سے لگا
تا کہ بے چین طبیعت کو قرار آ جائے