better lifethe dairy game 16-04-2021

in thedairygame •  4 years ago 

سات لفظ
۔"""""""""
لیڈرز کی دس بڑی خوبیوں میں سب سے بڑی خوبی اس کی کریڈیبلٹی ہوتی ہے۔ لوگ اس کے ایک لفظ پر نہ صرف یقین کرتے ہیں بلکہ اس پر ایمان کی حد تک اعتماد بھی کرتے ہیں۔ وہ کہتا ہے، اٹھو، تو لوگ اپنے پاﺅں پر کھڑے ہو جاتے ہیں، وہ کہتا ہے چل پڑو تو لوگ اسی وقت گھر بار، کاروبار اور زمین جائیداد چھوڑ کر چل پڑتے ہیں اور وہ کہتا ہے بیٹھ جاﺅ تو لوگ سانس روک کر زمین پر جم کر بیٹھ جاتے ہیں۔
عوام کے دل میں لیڈر کا یقین اور اس کریڈیبلٹی کتنی بڑی چیز ہوتی ہے اس کا فیصلہ آپ قائداعظم محمد علی جناح کے اس واقعے سے لگا لیجئے۔

پاکستان بننے کے بعد قائد اعظم گورنر جنرل تھے۔ انڈیا سے روزانہ ہزاروں کٹے پھٹے لوگ پاکستان پہنچتے تھے۔ ٹرینوں کی ٹرینیں نعشوں اور زخمیوں سے بھری ہوتی تھیں۔ لوگ ریڑھوں پر، گڈوں پر اور پیدل بھی پاکستان پہنچ رہے تھے۔ یہ لوگ کیمپوں میں پڑے تھے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ ان متاثرین میں ایک بڑی تعداد سرکاری ملازمین کی بھی تھی۔ پاکستان میں کام کرنے والے زیادہ تر سرکاری ملازم ہندوستانی علاقے سے پاکستان آئے تھے اور ان کے لواحقین اور رشتے دار ابھی تک انڈیا میں پھنسے ہوئے تھے۔ یہ لوگ ان کیلئے خاصے پریشان تھے۔ حکومتِ پاکستان نے سرکاری ملازمین کے رشتے داروں کی محفوظ آمد کیلئے انڈین گورنمنٹ کو خط بھی لکھا تھا لیکن اس خط کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ چنانچہ یہ لوگ شدید فرسٹریشن کا شکار ہو گئے۔

ایک رات کویت کے امیر پاکستان کے دورے پر تھے، یہ خلیجی ریاست کا کسی حکمران کا پہلا دورہ تھا۔ قائداعظم نے امیرِ کویت کے اعزاز میں گورنر جنرل ہاﺅس میں ڈنر کا اہتمام کیا تھا۔ یہ ڈنر چل رہا تھا کہ اچانک وفاقی حکومت کے سینکڑوں ملازمین جلوس کی شکل میں گورنر جنرل ہاﺅس پہنچے، یہ لوگ لان میں اکٹھے ہوئے اور انہوں نے اپنے عزیزوں کیلئے نعرے لگانا شروع کر دیئے۔
گورنر جنرل ہاﺅس کے عملے، قائداعظم کے سیکریٹری اور اے ڈی سی نے امیرِ کویت کی موجودگی کا جواز پیش کر کے ہجوم کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن ملازمین نے نعرے بازی بند نہیں کی۔ لہٰذا مجبوراً قائداعظم کو جلوس کی اطلاع دے دی گئی۔ قائداعظم ڈائننگ ہال سے باہر آئے، گورنر جنرل ہاﺅس کی بالکونی میں پہنچے، ہجوم کی طرف دیکھا، اپنے کمزور اور بوڑھے ہاتھ سے لوگوں کو خاموش ہونے کا اشارہ کیا۔ مجمع ایک لمحے میں خاموش ہو گیا۔ اس کے بعد قائداعظم نے صرف سات لفظوں کا ایک فقرہ بولا ۔ آپ نے کہا ”حکومت اپنے فرائض سے غافل نہیں ہے۔“
اس کے ساتھ ہی قائداعظم نے تمام لوگوں کو اس طرح باہر نکل جانے کا اشارہ کیا، واپس مڑے اور اندر چلے گئے۔ سارا مجمع دو منٹوں میں چپ چاپ خاموشی سے گورنر جنرل ہاﺅس سے باہر نکل گیا۔

اس کو کہتے ہیں لیڈر شپ کہ آپ بپھرے ہوئے، غصے سے پاگل مجمعے کے سامنے کھڑے ہو کر سات لفظ بولیں، لوگ سر جھکائیں اور چپ چاپ گھروں کو لوٹ جائیں۔ لیکن یہ صلاحیت، یہ طاقت اس وقت تک ممکن نہیں، جب تک انسان صاحبِ کردار نہیں ہوتا، جب تک اس کے اندر روشنی اور قوت نہیں ہوتی۔

Authors get paid when people like you upvote their post.
If you enjoyed what you read here, create your account today and start earning FREE STEEM!