جسمانی ورزش سے جسم میں آئریسن نامی ہارمون بڑھتا ہے جو الزائیمر سمیت کئی امراض سے بچاتا ہے۔ہم جانتے ہیں کہ دنیا کوئی غذا یا دوا ورزش کی جگہ نہیں لے سکتی اور اب ماہرین نے ورزش کی ایک اور زبردست اہمیت بیان کر دی ہے کہ دوران ورزش جسم ایک ایسا ہارمون خارج کرتا ہے جو کئی دماغی بیماریوں کی جڑ بیماری الزائیمر کو لاحق ہونے سے روکتا ہے۔
برازیل میں واقع فیڈرل یونیورسٹی آف ریو ڈی جنیرو سے وابستہ فرنینا ڈی فیلِکا کے مطابق جب جب ہم باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں تو جسم ایک ہارمون ”آئریسن“ کا افراز کرتا ہے جو پٹھوں کے عضلات سے خارج ہو کر خون میں شامل ہوتا رہتا ہے۔ورزش کرنے والے مرد و خواتین میں یہ ہارمون زیادہ جبکہ ورزش سے جی چرانے والوں میں کم پایا جاتا ہے۔
ماہرین نے اس ہارمون کو چوہوں پر آزمانے کی کوشش کی تو حیرت انگیز انکشافات ہوئے۔
جیسے ہی چوہوں میں آئریسن کی کمی کی گئی ان کی یادداشت متاثر ہوئی اور وہ سیکھنے اور سمجھنے میں بھی مشکلات محسوس کرنے لگے۔اگلے مرحلے میں ان کے اندر آئریسن کی مقدار بحال کی گئی تو چوہوں کی منفی کیفیت جاتی رہی۔اگلے مرحلے میں ورزش کرنے والے چوہوں میں الزائیمر کی کیفیت پیدا کی گئی مگر آئریسن کے سگنل کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا اور نتیجے میں ان کے دماغ کو ورزش سے ہونے والے فائدے بھی غائب ہو گئے۔
برطانیہ میں الزائیمر کی ماہر ڈاکٹر روزا سانچو نے کہا کہ خصوصاً عمر رسیدہ افراد میں جسمانی مشقت اور ورزش دماغ کو بہتر بناتی ہے اور اس تحقیق سے ورزش کے حیاتیاتی اثرات واضح ہوئے ہیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ باقاعدگی سے ورزش آپ کو مستقبل میں کئی دماغی عارضوں سے بچا سکتی ہے اور اس کی وجہ یہی ہے کہ الزائیمر کے مریضوں کو ایسی دوائیں دی جاتی ہیں جو جسم میں آئریسن کی پیداوار اور فراہمی بڑھاتی ہیں۔