زعفران دنیا کا مہنگا ترین مصالحہ اور اس کی وجہ اس کا پھولوں سے چننا ہے۔Crocus Sativus ایسا پھول ہے جس کے اجزاء سے دھاگوں کی شکل میں زعفران حاصل ہوتا ہے۔اس کی کٹائی دشوار ہوتی ہے اور کاشتکار ہاتھوں سے اس کے دھاگے چنتے ہیں۔پھر اسے گرم کیا جاتا ہے تاکہ اس کا ذائقہ آسکے۔یہ اضافی مشقت زعفران کو مہنگا بناتی ہے۔یہ میٹھے کھانوں کا خاص مصالحہ ہے جو آپ فرنی، کھیر،حلوہ جات اور دوسرے پکوانوں میں شامل کرتے ہیں ذیل میں اس رنگا رنگ مصالحے کے طبی فوائد درج کئے جا رہے ہیں۔
اعصابی نظام کو تقویت دیتا ہے
زعفران میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم اور اعصابی نظام کو متاثر کرنے والے عارضوں سے محفوظ رکھتا ہے۔اس مصالحے میں کیروسن جیسے مرکبات دماغ میں سوزش اور تکسیدی نقصان کو ممکنہ حد تک کم کرتے ہیں۔
یہ یادداشت کو بڑھاتے ہیں۔علاوہ ازیں الزائمر کے مرض میں مبتلا افراد کے لئے موافق ہے۔
جگر اور کینسر کے بچاؤ میں مددگار
حالیہ تحقیق کے مطابق زعفران جگر کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔
اس قیمتی جڑی بوٹی میں بائیو مالیکیول اور کیروسن جگر کے لئے اکثیر ہیں۔یہ مانع کینسر جڑی بوٹی ہے۔خاص کر سینے کے سرطان کے لئے بنائی جانے والی ادویات میں استعمال ہوتا ہے۔
بڑھتے وزن میں کمی
اس بات کے بھی کچھ شواہد موجود ہیں کہ زعفران سے وزن میں کمی لانے اور بھوک کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔زعفران کے استعمال سے کمر کے گرد موجود چربی میں کمی آتی ہے۔
جو لوگ اس کا سپلیمنٹ لیتے ہیں ان کو بھوک کم لگتی ہے اور کم کھانے کے باعث ان کا وزن بڑھنے کے مواقع بھی کم ہو جاتے ہیں۔
بے خوابی سے نجات
بہتر صحت کے لئے نیند کا پورا ہونا ضروری ہے لہٰذا بے خوابی دور کرنے کے لئے زعفران والا دودھ پی کر سونے سے بھرپور نیند آتی ہے مگر یہ خیال رہے کہ یہ دودھ آدھ پون گھنٹے قبل لیا جائے بعد میں سونے کی تیاری کی جائے۔
مزاج بہتر بنائے
طبیعت پر چھائی ہوئی افسردگی،پژمردگی اور یاسیت دور کرنے کے لئے جہاں دیگر امور پر توجہ دی جاتی ہے وہیں غذا میں تبدیلی بھی خاطر خواہ اثر چھوڑتی ہے۔زعفران کے Extracts دماغ کے ہارمونز جیسے Serotonin کی سطح کو متاثر کئے بغیر Dopamine کی سطح میں اضافہ کرتے ہیں یہ خوشی دینے والا ہارمون ہے چنانچہ موڈ بہتر ہوتا ہے اور آپ جو کام کر رہے ہوں اس میں لطف کا احساس ہوتا ہے۔
اس مصالحے سے یہ حقیقت بھی سامنے آئی ہے کہ ہر روز 30 ملی گرام زعفران استعمال کیا جائے تو معتدل سے ڈپریشن کا علاج بھی آسان ہو جاتا ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹس کی دستیابی
ایک جائزے کے مطابق زعفران میں Kaemp Ferol اور Safranal جیسے فعال اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہیں۔یہ انسانی جسم میں تکسیدی دباؤ اور فری ریڈیکلز (آزاد خلیوں) کے خلاف مدافعت میں مدد دیتے ہیں۔یہ خلیے دل کی بیماریوں سمیت کئی دیگر امراض کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لئے اینٹی آکسیڈنٹس صحت مند رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔