بگو گوشہ یا ناشپاتی،یہ ایک ہی پھل کے دو نام ہیں۔موسمی پھلوں میں قدرت کی یہ نعمت ان دنوں بازاروں میں موجود ہے تو کیوں نا اس کی اہمیت جان لی جائے اور اسے کھایا جائے۔یہ معدے کو طاقت بخشنے والا پھل ہے۔جاتی گرمیوں کی شدت میں یہ پیاس بجھانے کی عمدہ تاثیر رکھنے میں دورائے نہیں ہو سکتیں گوکہ سیب کی مانند کہیں کہیں سخت سطح بھی رکھتا ہے مگر اس کی خاصیت بے حد عمدہ ہے۔
آپ نرم گودے والی ناشپاتی کھائیں۔یہ قدرے زیادہ ذائقے دار ہوتی ہے۔ناشپاتی کو بھی چھلکا اتارے بغیر کھایا جائے تو زیادہ مفید ہے۔
یہ کولیسٹرول کم کرتی ہے
فائبر (غذائی ریشے) کی خاصی مقدار رکھنے والے اس پھل میں خراب کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔اسی طرح جب خراب کولیسٹرول کنٹرول میں آتا ہے تو دل کی بیماریوں میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔
فالج اور لقوے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
ہڈیوں کے بھربھرے پن اور جوڑوں کے درد میں اکسیر
ناشپاتی میں فائبر کے ساتھ ساتھ فاسفورس اور پوٹاشیم اور وٹامن C کی وسیع مقدار موجود ہے اس لئے یہ ہڈیوں کے امراض سے بچاؤ کرتی ہے تاہم اس میں کیلشیئم موجود نہیں۔کچھ ماہرین غذائیت اور ہڈیوں کے ماہرین معالج ناشپاتی کے ساتھ کیلشیئم کے سپلیمنٹ لینے کا مشورہ بھی دیتے ہیں کیونکہ کیلشیئم جسم میں آسانی سے جذب نہیں ہوتا اور گردوں کے افعال کو متاثر کر سکتا ہے لہٰذا ناشپاتی کے ساتھ کیلشیئم باآسانی اور تیز رفتار سے جذب ہو جاتا ہے۔
ظاہر ہے کہ اس طرح آرتھرائٹس کے مریضوں کو افاقہ ہوتا ہے۔
بریسٹ کینسر سے بچاؤ
ناشپاتی اینٹی کینسر پھلوں میں شامل ہے۔فائبر کی موجودگی کے سبب ایسے نمکیات سے بچاؤ ممکن ہو جاتا ہے جو آنتوں کے کینسر اور چھاتی کے کینسر کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔خواتین کو اس موسم میں ناشپاتی ضرور کھا لینی چاہئے،خاص کر ایسی خواتین کو جنہیں موٹاپے اور دیگر مہلک امراض سے سابقہ پڑ رہا ہو۔
غذائی افادیت(وزن 100 گرام)
وٹامن C۔7 ملی گرام
فائبر۔22 گرام
شکر۔1.5 گرام
پوٹاشیم۔153 ملی گرام
فاسفورس۔1.3 گرام
پروٹین۔1.6-1 گرام
ناشپاتی اپنی خاصیت میں سیب کی مانند ہے۔یہ زود ہضم اور تمام پھلوں کی مانند اس میں نمک کی مقدار کم ہے۔قدیم طبیبوں نے ناشپاتی کو سرد پھلوں میں شمار کیا ہے۔یہ قدرتی دواؤں میں Laxative کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اگر پابندی سے کھائی جائے تو جلد صاف ،صحت مند اور بال مضبوط ہوتے ہیں۔اسے چھلکے سمیت کھانے سے کلوروجینک ایسڈ ملتا ہے جو اس کے چھلکے میں پایا جاتا ہے۔یہ بہترین مانع تکسیدی غذا ہے۔یہ پھل موسم برسات کی بیماریوں اور ہائی بلڈ پریشر سے بچاتا ہے۔بارش شروع ہوتے ہی جلدی امراض،دست، قے،گلے کی سوزش اور دیگر عارضے پیدا ہونے لگتے ہیں ایسے وقت میں اگر ناشپاتی کھائی جاتی رہے تو امراض بڑھنے نہیں پاتے۔
یہ قبض کشا بھی ہے اور اسہال میں افاقہ بھی کرنے والا پھل ہے۔
شوگر کے مریضوں کیلئے بہترین پھل
ناشپاتی میں معمولی مقدار میں شکر پائی جاتی ہے لہٰذا یہ شکر بھی آہستہ آہستہ خون میں شامل ہوتی ہے اس لئے بلڈ شوگر کنٹرول میں رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دیگر پھلوں کی نسبت ناشپاتی کو شوگر کے مریضوں کے لئے محفوظ خیال کیا جاتا ہے۔اکثر لوگ ناشپاتی کو ایک عام سا پھل سمجھتے ہوئے نظر انداز کر دیتے ہیں جبکہ یہ سیب کے مقابلے میں سستا مگر غذائیت میں بیش بہا فوائد کا حامل ہے۔