ثنااللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ کو میاں صاحب نے بہت عزت دی، پہلے یہ میاں صاحب کے نعرے لگاتے تھے آج یہ لوٹے بھٹو کے نعرے لگا رہے ہیں، سینئر لیگی رہنماؤں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر ن لیگ کا ردعمل سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں ن لیگ کی رہنما حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ ثنااللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ جن کو میاں صاحب نے بہت عزت دی مگر انہیں عزت راس نہ آئی۔
پہلے میاں صاحب کے نعرے لگاتے تھے آج یہ لوٹے بھٹو کے نعرے لگا رہے ہیں۔جو ن لیگ کے نہ ہو سکے،وہ پی پی پی کے کیسے ہونگے؟؟ بلاول بھٹو کو نئے لوٹے مبارک ہوں۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری اور سابق گورنر عبدالقادر بلوچ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نےکوئٹہ میں ایک تقریب کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
بلاول نے دونوں رہنماؤں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدیدکہتے ہوئے دعوٰی کیا کہ پارٹی بلوچستان سمیت پورے ملک میں حکومت بنائےگی، ہم حکومت میں آکر صوبےکے مسائل کا حل بھی نکالیں گے۔اس موقع پر ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ میرے والد نے ذوالفقارعلی بھٹوکے ساتھ مل کرکام کیا ہے، آج میں اپنے والد کی پارٹی میں جارہا ہوں، نواز شریف سے کہا تھا کہ ہمیں پنجاب سےعزت چاہیے لیکن ہمیں نواز شریف نے بےعزت کیا۔
ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ ماضی میں تیسرے نمبر کی پارٹی کو وزیراعلیٰ کے لیے ترجیح دی گئی، ن لیگ کے 22 سے23 اراکین کے باوجود ہمیں حکومت بنانے نہیں دی گئی۔سابق گورنر بلوچستان عبدالقادر بلوچ نے پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ زرداری خاندان سے بہت پرانا رشتہ ہے، مسلم لیگ ن کو ہم نے خیر بادکہہ دیا،بلوچستان میں ن لیگ کی اب کوئی قد آور شخصیت نہیں ہے۔
عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے وعدہ کیا بلوچستان کےدورے کرتا رہوں گا،معتبر شخصیات کی شمولیت سےجماعت آگے بڑھےگی،پیپلز پارٹی نےاپنی قابلیت پر آج بلوچستان میں پوزیشن بنائی،صحیح کام کیا توبلوچستان میں ہماری اکثریتی حکومت بنےگی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ منگل کو کوئٹہ میں نواب ثنااللہ زہری کے سیاسی و قبائلی ہم خیال رفقا کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سابق گورنر بلوچستان عبدالقادر بلوچ اور دیگر سیاسی قبائلی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سابق وزیر اعلیٰ ثنا زہری اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔نواب ثنا اللہ زہری، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور رفقا نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ فیصلہ کیا، باقاعدہ شمولیت کا اعلان آئندہ چند روز میں مرکزی قیادت کے ساتھ کنونشن میں کیا جائے گا۔اجلاس میں عبدالقادر بلوچ نے مختلف سیاسی جماعتوں میں شمولیت سے متعلق شرکا سے رائے طلب کی، ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ لوگ ڈرائنگ روم میں فیصلے کرتے ہیں، ہم عوامی لوگ ہیں اپنے لوگوں کو اہمیت دیتے ہیں اور مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں۔